لاک ڈاؤن سے غریب اور مزدور پیشہ افراد کی مشکلات کا بخوبی احساس،وفاق بلوچستان حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گا:وزیر اعظم عمران خان
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ میں گورنر بلوچستان جسٹس(ر)امان اللہ یاسین زئی ،وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری ،وفاقی وزرا زبیدہ جلال ،اسد عمر ،صوبائی وزرا سردار یارمحمدرند، اسد بلوچ، نورمحمددمڑ،سلیم کھوسہ ،مبین خلجی سمیت دیگر بھی موجودتھے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک کو کووڈ کرونا وائرس19 جیسی وبا کا سامنا ہے لیکن اللہ کا شکر ہے کہ اس وقت تک پاکستان پر زیادہ پریشر نہیں تاہم چین اور دنیا کے دیگر ممالک کی صورتحال دیکھ کر لگ رہا ہے کہ اسی مہینے کے آخر تک پاکستان پر بھی کووڈ کرونا وائرس کی وبا سے متاثرہ افراد میں اضافہ کا بوجھ بڑھے گا۔اسی لئے ہم نے قومی سطح پر اس وبا کے متعلق نیشنل کمانڈ سسٹم بنا دیا ہے جس کے ساتھ وفاق اور تمام صوبے منسلک ہیں بلکہ وہاں یومیہ بنیادوں پر اس مرض سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد،مرنے والوں کی تعداد،کتنے مریضوں کی حالت تشویش ناک اور کتنے صحتیاب ہوئے ہیں؟ سب تفصیلات ملکی اور بین القوامی سطح پر پہنچائی جا رہی ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم چین،اٹلی،امریکہ اور دیگر ممالک کی صورتحال کا بھی جائزہ لے رہے ہیں تاکہ اس سلسلے میں قبل ازوقت بہتر انتظامات کئے جا سکیں ، کوڈ کرونا وائرس کے خلاف صف اول میں بھر سر پیکار ڈاکٹرز اور دیگر عملے کو پرسنل پروٹیکیٹیو آلپی کی فراہمی کا عمل جاری ہیں بلکہ یہاں بلوچستان میں حفاظتی کٹس و دیگر حالات کی فراہمی کر دی گئی ہے،اللہ کا بڑا کرم ہے کہ بلوچستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد میں سے کسی ایک کی بھی حالت تشویشناک نہیں ،مجھے امید ہے بلوچستان میں بعد میں بھی حالات زیادہ گھمبیر نہیں ہوں گے کیونکہ یہاں آبادیوں کا ایک دوسرے سے فاصلے زیادہ ہیں، اگر کسی جگہ لوگ متاثر بھی ہوں تو اس وبا کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے، کوئٹہ اور بلوچستان کے مقابلے میں لاہور،کراچی،پشاور،فیصل آباد ودیگر شہروں میں جہاں کی آبادی زیادہ ہے میں اپریل کی آخر تک کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں زیادہ اضافے کے خدشات موجود ہیں،اس لئے ہمیں پہلے ہی تیاری کرنا پڑے گی،بلوچستان حکومت نے پہلے بھی کرونا وائرس کے تدارک کے لئے حوصلہ افزا اقدامات کئے ہیں ہم اس سلسلے میں,صوبائی حکومت کو مطلوب تمام وسائل فراہم کریں گے ۔
Comments
Post a Comment